بھٹکل:8؍مارچ(ایس اؤ نیوز)تعلقہ میں چند اساتذہ وقت پر اسکول میں حاضری نہیں دینے کا الزام لگایا جارہاہے، اس کے علاوہ شراب پی کر اسکول آنے کےمتعلق بھی عوام نے شکایت کی ہے۔ اساتذہ کا یہ رویہ کسی حال میں بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ایسے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اس بات کا انتباہ رکن اسمبلی سنیل نائک نے دیا۔ وہ پنچایت کی سہ ماہی میٹنگ میں بلاک ایجوکیشن آ فسر منجی ایم آر سے مخاطب تھے۔
تعلقہ پنچایت ہال میں منعقدہ سہ ماہی کے ڈی پی میٹنگ کے دوران معاملے کو اٹھاتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہاکہ اساتذہ ہی جب راستہ بھٹک جائیں گے تو بچوں کو معیاری تعلیم کہاں سے ملے گی۔بی ای او ٔ سے پوچھا کہ ابھی تک جن اساتذہ نے اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے ان کے خلاف کس طرح کی کارروائی کی گئی ہے؟۔بی ای اؤ منجی نے وضاحت کی کہ جن اساتذہ نے قانون کی پابندی نہیں کی ہے ان کی 4-5ماہ کی تنخواہ روکی گئی تھی، مگر بعد میں جاری کی گئی ہے۔ رکن اسمبلی نے کہاکہ ایسی کارروائی سے کام نہیں چلے گا اس سے بھی زیادہ سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
ہیسکام کے سوبھاگیا منصوبے میں تفریق سے کام لینے کا بیلکے گرام پنچایت صدر رمیش نائک نے الزام لگایاتو ہیسکام کے انجنئیر منجوناتھ نے اگلے 10-15دنوں میں مسئلہ کو حل کرنے کا یقین دلایا۔ اس کے علاوہ فوریسٹ زمین پر تعمیراتی کام اور گھروں کی درستی پر روک نہ لگانے ، بندر بخا ر کے انجکشن تیار رکھنے کے متعلق کارروائی کرنے کی بات کہی۔ اگلے ایک ماہ میں پینے کے پانی کے منصوبہ کو پورا کرکے مقامی انتظامیہ کو منتقل کرنے افسران کو ہدایات دی گئیں۔ تحصیلدار وی پی کوٹرولی، پنچایت آفیسر پربھاکرموجود تھے۔ پنچایت مینجر سدھیر گاونکر نے استقبال کیا اور آخرمیں شکریہ اداکیا۔